Daily Jahan-e-Such Team Update - Daily Jahan-e-Such
![]() |
پریس بیان
مورخہ 12-05-2026 کو نیشنل پیس کونسل جے پاکستان کے زیرِ نگرانی ایک اہم اور تفصیلی جرگہ منعقد ہوا، جس کا مقصد فریقین کے درمیان جاری کاروباری تنازعہ کو خوش اسلوبی، باہمی افہام و تفہیم اور روایتی جرگہ سسٹم کے ذریعے حل کرنا تھا۔ یہ جرگہ ایس ڈی پی او جناب عابد آفریدی کی خصوصی ہدایات پر طلب کیا گیا، جنہوں نے نیشنل پیس کونسل جے پاکستان کے نائب صدر جناب ناظم محمد اکبر خان کو یہ ذمہ داری سونپی کہ معاملے کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق سہیل احمد خان ولد وزیر حسین، سکنہ صوابی چھوٹا لاہور، جو کہ معروف پینٹ ڈیلر ہیں، اور جان گل عرف عجب گل سکنہ چارسدہ روڈ منصف کورونہ کے درمیان 01-08-2025 تا 01-09-2026 کاروباری معاہدہ طے پایا تھا۔ بعد ازاں دونوں فریقین کے درمیان لین دین اور کاروباری معاملات میں اختلافات پیدا ہوگئے، جس کے باعث معاملہ تنازعہ کی صورت اختیار کر گیا۔
اس صورتحال پر سہیل احمد خان نے ایس ڈی پی او جناب عابد آفریدی کو باقاعدہ درخواست دی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ڈی پی او صاحب نے نیشنل پیس کونسل جے پاکستان کے نائب صدر جناب ناظم محمد اکبر خان کو ٹاسک دیا کہ دونوں فریقین کو جرگہ میں بٹھا کر مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کیا جائے۔
چنانچہ نائب صدر ناظم محمد اکبر خان کی سربراہی میں جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں دونوں فریقین کو آمنے سامنے بٹھایا گیا۔ جرگہ ممبران نے دونوں جانب کے دلائل، دستاویزات اور تمام معاملات کو تفصیل سے سنا۔ ابتدائی طور پر جرگہ نے 4 ماہ کا فیصلہ سنایا تاکہ معاملہ باہمی رضا مندی سے حل ہوسکے۔ بعد ازاں سہیل احمد خان نے جرگہ کے احترام میں مزید 2 ماہ کی مہلت دی، جس پر جرگہ ممبران نے ان کے تعاون، صبر، برداشت اور حسنِ نیت کو سراہتے ہوئے خصوصی شکریہ ادا کیا۔
جرگہ کے متفقہ فیصلے کے مطابق جان گل عرف عجب گل مورخہ 12-11-2026 تک کل بقایا رقم 17 لاکھ روپے ادا کرے گا یا متبادل طور پر اتنی مالیت کا پینٹ/رنگ واپس کرے گا۔ جان گل نے جرگہ کے سامنے اس بات کی مکمل یقین دہانی کروائی کہ مقررہ تاریخ پر اگر سہیل احمد خان پینٹ لینا چاہیں گے تو پینٹ فراہم کیا جائے گا، اور اگر رقم لینا چاہیں گے تو رقم ادا کی جائے گی۔
مزید یہ بھی طے پایا کہ اگر مقررہ وقت تک فیصلے پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو جرگہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ فریق پر عائد ہوگی۔
جرگہ کے معزز ممبران میں نیشنل پیس کونسل جے پاکستان کے نائب صدر جناب ناظم محمد اکبر خان ولد غلام سرور، بیورو چیف ستار زیب روزنامہ جہاںِ سچ مردان، وصال محمد ولد سردار خان اور شیر ولی ولد غلام قادر شامل تھے۔
جرگہ کے اختتام پر تمام فریقین نے فیصلے کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی، جبکہ معززین نے علاقے میں امن، بھائی چارے، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینے پر زور دیا۔
بیورو چیف
ستار زیب
روزنامہ جہاںِ سچ مردان
